ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / بہار :وزیر اعلی نتیش شراب بندی کے بعد جہیز بندی کی تیاری میں

بہار :وزیر اعلی نتیش شراب بندی کے بعد جہیز بندی کی تیاری میں

Tue, 11 Apr 2017 19:47:05  SO Admin   S.O. News Service

پٹنہ ،11؍اپریل (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ شراب بندی کے ساتھ ساتھ ریاست میں جہیز کی رسم اور بچوں کی شادی کے خلاف بھی مہم چلائی جائے گی ۔شراب بندی کے بعد اب ان برائیوں کو بھی سماج سے دور بھگانا ہے، ہم نے محسوس کیا ہے کہ لوگ کھلے عام جہیز لینے لگیں ہیں، بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خیالات پر منعقد قومی مشاورت میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پبلک ڈائیلاگ پروگرام میں خواتین نے جہیز کی رسم اور بچوں کی شادی معاملے پر سخت کارروائی کا مشورہ دیا تھا، اسے ہم مہم کے طور پر چلائیں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت میں رہ کر بھی کچھ لوگ پینترے با زی کر رہے ہیں، یہ افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ نیشنل ہائی وے اور اسٹیٹ ہائی وے کے 500میٹر کے دائرے میں شراب کی دکان نہیں چلے گی، لیکن یہ جان کر حیرت ہو رہی ہے کہ کچھ ریاستیں سوچ رہی ہیں کہ این ایچ اور ایس ایچ کے نوٹیفکیشن کو ہی منسوخ کر دیا جائے، تاکہ ان سڑکوں کے نزدیک موجود شراب کی دکانوں کو برقرار رکھا جا سکے، راجستھان حکومت نے تو ایسا کر بھی دیا ہے۔راجستھان حکومت کو 6700کروڑ کی آمدنی شراب کی فروخت سے ہوتی ہے،بہار میں بھی اس سے 5000کروڑ کی آمدنی ہوتی تھی، لیکن اسے بند کر دیاگیا ، اس سے لوگوں کا بھی پیسہ بچ رہا ہے، جو اچھے کاموں میں خرچ ہو رہا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ ترقی کے دور میں ماحولیات کو ہم بھول جاتے ہیں، بات چیت صرف سیاسی بحث کے لیے نہیں ہونی چاہیے ، گاندھی جی کے خیال کے تمام پہلوؤں پر بات ہونی چاہیے ، گنگا کا حال دیکھ لیجئے، آپ سب میں سے جو دلچسپی رکھتے ہوں گے، انہیں میں گنگا ندی کا دورہ کرا دوں گا، گنگا کی یہ حالت ہے تو اور ندیوں کی کیا حالت ہوگی، اس لیے ماحولیاتی بہتری پر بھی زور دینا چاہیے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ گاندھی کے چمپارن سفر کا ملک کی آزادی میں اہم کردار ہے، چمپارن ستیہ گرہ کے بعد آزادی کی لڑائی نے زبردست شکل اختیار کیا تھا اور 30؍سال بعد ملک کو آزادی ملی۔وزیر اعلی نے کہا کہ جب سے عوام نے مجھے خدمت کا موقع دیا ہے، گاندھی جی کے خیالات کو ہی میں نے اپنا رہنما بنایاہے ، گاندھی جی کا اصول تھا کہ جو بھی منصوبہ بنایا جائے ،اس کا فائدہ سماج میں آخری پائیدان پر بیٹھے لوگوں کو ملے، اسی پالیسی پر ہم چل رہے ہیں، میں صرف ترقی کی بات نہیں کرتا، انصاف کے ساتھ ترقی ہو، اسی راستے پر چل رہا ہوں، سائیکل، کپڑے وغیرہ جو بھی اسکیمیں چلائی ہیں ، وہ سب کے لیے ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، شراب ہمارے سماج کوجکڑے ہوئی تھی، اس کے خلاف مہم چلائی ، لیکن دیکھا کہ شراب کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے،اس لیے بہار میں مکمل شراب بندی لاگو کردی ۔


Share: